حکومت کا بی آر ٹی کیلئے 1 ارب روپے دینے سے انکار
پشاور(آن لائن)نگراں خیبر پختون خوا حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو بس ریپیڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے لیے 1 ارب روپے دینے سے انکار کر دیا۔اس حوالے سے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے سیکریٹری محکمہ خزانہ کو خط ارسال کیا تھا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے بی آر ٹی کے لیے محکمہ خزانہ سے 1 ارب روپے مانگے تھے۔خط کے مطابق محکمہ خزانہ نے سال 23-2022 میں بی آر ٹی کے لیے 66 کروڑ 24 لاکھ روپےجاری کیے، بی آر ٹی چلانے کے لیے جاری کی گئی رقم استعمال نہ ہونے سے فنڈز لیپس ہو گئے۔خط میں کہا گیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے فنڈز لیپس ہونے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی بنائی، بی آر ٹی کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس وقت فوری طور پر 1 ارب روپے درکار ہیں۔خط کے ذریعے کہا گیا تھا کہ لیپس شدہ رقم پر نظرِ ثانی کر کے 1 ارب روپے جاری کیے جائیں۔دوسری جانب نگراں صوبائی وزیرِ خزانہ احمد رسول بنگش نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے۔احمد رسول بنگش نے کہا کہ بی آر ٹی کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کو فنڈز نہیں دے سکتے، وفاقی حکومت صوبے کے بقایاجات ادا نہیں کر رہی، فوری بقایا جات ادا کیے جائیں۔#/s#


