بے نظیر سے متعلق باتیں مجھے رحمان ملک نے بتائیں: سنتھیا رچی

اسلام آباد: امریکی شہری سنتھیا رچی نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر سے متعلق باتیں انہیں رحمان ملک نے بتائیں۔پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر کی درخواست پر مقامی عدالت نے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا جسے امریکی شہری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سنتھیا رچی کی درخواست پر آج سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سنتھیا رچی نے کہا کہ میرے ساتھ 2011 میں جو کچھ ہوا اس متعلق امریکی سفارتخانے کے ذریعے آگاہ کر دیا تھا اور میں اب بھی امریکن سٹیزن سروسز کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جس شخص نے مجھ پر حملہ کیا وہ پی پی دور میں ملک کا طاقت ور شخص تھا مگر پاکستانی حکام کو اس واقعے کے بارے میں بتانے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی تھی۔اپنی ٹوئٹ پر ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر سے متعلق باتیں مجھے اس وقت کے وزیرداخلہ رحمان ملک نے بتائیں لیکن میرے اصل ٹوئٹ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا ہے حالانکہ اس کا مقصد کسی بھی فرد بالخصوص مرنے والی خاتون کی بےعزتی کرنا نہیں تھا۔
خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں