معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کراچی میں سپرد خاک

کراچی: علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ میں سیاسی اور مذہبی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی جس کے بعد انھیں رضویہ سوسائٹی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ امروہہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی گئی۔ ان کی نماز جنازہ علامہ مصطفیٰ وزیری نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کے بعد علامہ طالب جوہری کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار اور بلندی درجات کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
نماز جنازہ میں ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان اور فردوس شمیم نقوی کے علاوہ دیگر سیاسی وسماجی رہنماؤں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سینیٹر رحمان ملک اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور دیگر نے بھی مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ ملک بھر کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے علامہ طالب جوہری کی علمی اور دینی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے مرحوم علامہ طالب جوہری کے بلندی درجات کے لئے دعا کی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔
مرحوم علامہ طالب جوہری کو رضویہ سوسائٹی میں ان کے مدرسے کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔ خیال رہے کہ ان کا حرکت قلب بند ہونے کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال ہو گیا تھا۔ وہ گزشتہ کئی روز سے زیر علاج تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں