وڈھ کی مخدوش صورتحال اور بلوچستان میں بیرونی مداخلت کیخلاف جھالاوان عوامی پینل کی ریلی

کوئٹہ (آن لائن) جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام وڈھ کی صورتحال اور بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے خلاف مرکزی رہنماءندیم الرحمن بلوچ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وڈھ کے حالات کو جان بوجھ کر خراب کیا جارہا ہے تاکہ سیاسی مخالفین اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرسکیں جس طرح انہوں نے ہمارے ساتھی صاحب خان کو جاں بحق کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کو دوام دیتے ہوئے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی جنتی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ وڈھ کے حالات کو خراب کرکے غریب لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے دکانیں، بازار بند کرکے ان سے منہ سے نوالہ چھینا جارہا ہے۔ لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ قائد جھالاوان عوامی پینل نے ہمیشہ حق و سچ کا ساتھ دیتے ہوئے لوگوں کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ مظاہرین نے بھارتی جھنڈا نذر آتش کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں