علی وزیر کی دہشتگردی کے مقدمے کے اخراج کی درخواست، فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ایم این اے علی وزیر کی دہشت گردی کے مقدمے کے اخراج کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل عطا اللہ کنڈی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت وکیل عطا اللہ کنڈی نے کہا کہ ایک مقدمہ درج ہوا تو 15منٹ بعد دہشتگردی کا الگ مقدمہ درج کرلیا گیا، وکیل عطا اللہ کنڈی نے سپریم کورٹ کے صغری ٰبی بی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے علی وزیر کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ غیر قانونی قرار دے کر خارج کرنے کی استدعا کی۔بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں