ہمسایہ ممالک اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں، پاکستان اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانا جانتا ہے، جان اچکزئی

کوئٹہ، کراچی (آن لائن) بلوچستان کے نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان نے 40 سال تک افغان مہاجرین کا بوجھ اٹھایا ہے اس عرصہ میں پاکستان کی معشت کو 150 بلین ڈالر کا بوجھ اٹھانا پڑا، پاکستان تمام غیر ملکی رہائشیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنا چاہتا ہے۔  پاکستان کے حالات کے تناظر میں کسی بھی ملک کے غیر قانونی رہائشی کا رہنا درست نہیں۔ کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو سرمایہ کار دوست ملک بنانا ہے اور اس وقت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک کی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ’نارمل‘ ریاست کی طرف جانا ہے، کوئی بھی نارمل ریاست کمزور سرحدیں برداشت نہیں کر سکتی، ہمیں اپنی سرحدوں پر پاسپورٹ رجیم نافذ کرنا ہے اور ملک میں جو لوگ رہتے ہیں ان کی شہریت کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے، چاہے وہ تارکین وطن ہیں یا دوسرے اسٹیٹس میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دہشت گردی اور جرائم میں افغان باشندے ملوث ہیں، 12 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کا معاملہ فی الحال نہیں چھیڑا جا رہا۔ پاکستان نے افغانستان کی ازادی کے لئے دنیا کی سپر پاورز سے دشمنی مول لی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن لوگوں کو ان کے اہل خانہ سمیت 40 سال تک پناہ دی وہ احسان فراموشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج بے تکی باتیں کرتے ہیں،غیر قانونی رہائشی غیرملکی باشندوں کو ہر صورت بے دخل کیا جائے گا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمارے ہمسائے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں، ریاست پاکستان اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی رہائشی غیرملکی باشندے پاکستان کے امن اور ترقی کے لئے مسلہ ہیں،انہیں ہر صورت میں  دی گئی ڈیڈ لائن پر واپس جانا ہوگا۔ نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے مستقبل کا سوچے سمجھے بغیر ناقص پالیسیاں بنائیں، ایک حکومت نے کسی پالیسی اور ایس او پی کے بغیر تمام دہشتگردوں کو واپس لائی جس کے نتائج ہم بھگت رہے ہیں۔کوئی ملک بھی غیر قانونی غیر ملکییوں کو برداشت نہیں کرتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں