معدنیات کے شعبے میں ترقی سے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، انوار الحق کاکڑ
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس۔ انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف کی صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت۔ نگراں وزیراعلیٰ علی مردان ڈومکی کی بھی صوبائی ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ۔ اپیکس کمیٹی کے ا جلاس میں نیشنل ایکشن پلان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام ، انسداد منشیات آپریشن،غیر ملکی شہریوں کی سیکورٹی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بلوچستان حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ صوبے کے امن و امان پر متعلقہ محکموں نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم ا نوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کے شعبے میں ترقی سے معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کار پر بھی توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔


