روزی خان کاکڑ نے پیپلز پارٹی کو بلوچستان میں نقصان پہنچایا، محاسبہ کیا جائے، کارکنان
کوئٹہ (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی قلعہ سیف اللہ کے ضلعی صدر عبداللہ موسی زئی، سیکرٹری اطلاعات عبدالستار کاکڑ نے کہا ہے پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کرکے ان کے خلاف پالیسی کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ غلط کام کرنے والوں کا راستہ روکا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں دیگر کے ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس اور بعد ازاں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نظریات اور منشور کی پاسداری نہ کرنے والوں کو پارٹی سے نکال کر نقصان سے بچایا جائے بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے پارٹی کو بلوچستان میں نقصان پہنچایا ہے ضلع قلعہ سیف اللہ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اعلان کردہ ضلعی تنظیم کے مقابلے میں اپنی مرضی کا متوازی کابینہ کا اعلان کرکے اختیارات ہاتھ میں لینے کے مترادف ہے جس سے نہ صرف قلعہ سیف اللہ بلکہ بلوچستان بھر میں پارٹی کارکنوں میں بے چینی اور مایوسی پھیل رہی ہے۔ ضلع قلعہ سیف اللہ دو تحصیلوں مسلم باغ، و قلعہ سیف اللہ پر مشتمل تحصیل مسلم باغ روزی خان کی آبائی تحصیل ہے جہاں سے حالیہ بلدیاتی الیکشن میں ایک یوسی کونسلر بھی نہیں جتوا سکا اور صوبے میں بلدیاتی الیکشن میں جیتی ہوئی سیٹوں پر سیاست چمکانے کی کوشش کررہے ہیںجوکہ درست نہیں ان کی کارکردگی صفر ہے ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پارٹی کو صوبے میں نقصان ہورہا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ پر عائد ہوگی۔ اگر ان کی کارکردگی اچھی ہوتی تو وہ اپنے علاقے سے سیٹیں جیتیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پارٹی کو نقصان پہنچانے والی کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرکے پارٹی کو مزید نقصان سے بچایا جائے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


