جرات ہے توپارٹی سے نکال کردکھائیں، ناراض رکن اسمبلی نشاط ڈاہا کا ن لیگی قیادت کوچیلنج

لاہور، وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والے ناراض (ن)لیگی رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے قیادت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا جرات ہے تو وزیراعلی سے ملنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کر کے دکھائیں، ایکشن لینا اتنا آسان نہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ کوئی کارروائی کرسکیں، ابھی فارورڈ بلاک نہیں بنایا لیکن وقت آنے پر کوئی بھی فیصلہ ہوسکتا ہے، وزیراعلی سے حلقے کے مسائل کے حل کے لئے ملاقات کی، حمزہ شہباز سے اختلافات ہیں، مولانا فضل الرحمن کو صدارتی ووٹ دینے سے بھی انکار کر کے بھرے اجلاس میں پارٹی قیادت کو بتا دیا تھا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن)لیگ کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے کہا کہ وزیراعلی نے ملاقات کرنے والوں کو فنڈز دے دیئے ہیں، جتنے فنڈز مانگے اتنے ہی مل گئے۔ ہمارے خلاف کارروائی کرنا اتنا آسان نہیں، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یہ کوئی کارروائی کرسکیں، پارٹی قیادت میں جرات ہے تو انہیں نکال کر دکھائیں۔ (ن)لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر نشاط ڈاہا نے کہا کہ کچھ بھی ناممکن نہیں لیکن ابھی فوری طور پر فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، ابھی تو وزیراعلی کو فنڈز اور حلقے کے مسائل کے حل کے لئے ملے ہیں، ارکان اکیلے اکیلے وزیراعلی سے مل رہے ہیں، مسلم لیگ (ن)کے 20کے قریب ارکان پنجاب اسمبلی وزیر اعلی سے الگ الگ ملاقات کرچکے ہیں لیکن وہ سامنے نہیں آرہے۔واضح رہے کہ یونس ڈاہا نے پارٹی قیادت کے علم میں لائے بغیر وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں