وڈھ کو آواران اور مشکے نہیں بننے دیں گے، فراری کیمپ مسمار کیا جائے، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ (یو این اے) جھالاوان عوامی پینل کے رہنما میرندیم الرحمان محمد شہی نے کہا ہے کہ ہم وڈھ کو آواران اور مشکے نہیں بننے دیں گے اور نہ ہی اس پر مزید سیاست کی اجازت دیں گے وڈھ میں ایک سازش کے تحت امن وامان کو تباہ کیا جارہا ہے 35ہزار گھرانے اب تک وڈھ سے نقل مکانی کرچکے ہیں۔ سردار اختر مینگل حقائق کو چھپا کر وڈھ تنازعے کو مزید طول دینے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اپنے آپ کو مظلوم ظاہر کرکے دوبارہ کامیابی حاصل کرسکے وڈھ میں گزشتہ 4ماہ سے سکول ،ہسپتال اور بازار بند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا میر ندیم الرحمان محمد شہی نے مزید کہا کہ وڈھ میں دن بدن امن وامان کی صورتحال ابدتر ہوتی جارہی ہے کچھ لوگ اس تنازعے کو طول دیکر عوام اور حکومت کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں جان بوجھ کر وڈھ کے معاملے کو اسی طرح چھوڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میر شفیق الرحمان پر خود کش حملہ بھی کیا گیا جس میں ہمارے 16افراد بھی جاں بحق ہوگئے سردا ر اختر مینگل سابق سپیکر ایاز صادق کے ساتھ اداروں کے پاس گئے اور ان سے اپیل کی کہ وہ وڈھ میں میر شفیق الرحمان کے خلاف آپریشن کرے تاکہ آئندہ انتخابات کے لئے ایک دفعہ پھر انہیں موقع مل سکے لیکن میر شفیق الرحمان اپنے عوام کے ساتھ ہیں ان کی مقبولیت کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہے، بی این پی جان بوجھ کر وڈھ معاملے پر سیاست چمکانے کے بجائے وقت گزارنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے مطالبہ ہے کہ حکومت فراری کیمپ کو مسمار کرکے وڈھ کے عوام کو تحفظ فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں