نیشنل پارٹی نے کوئٹہ کی حلقہ بندیوں میں بے ضابطگیوں کیخلاف اعتراضات جمع کرادیے
کوئٹہ (آن لائن)نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر کوئٹہ حاجی عطائ محمد بنگلزئی کی قیادت میں وفد نے کوئٹہ کی حلقہ بندیوں میں سنگین بے ضابطگیوں کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد میں اعتراضات جمع کرادئیے۔ وفد میں نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر یونس بلوچ صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار اور قانونی ٹیم سے محی الدین ساسولی ایڈوکیٹ، خالد بشیر مینگل ایڈوکیٹ شامل تھے۔ نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی عطائ محمد بنگلزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں جس انداز سے حلقہ بندیاں کی گئی وہ مخصوص عناصر کو نوازنے کے لیے کی گئی ہے۔ جس کی نیشنل پارٹی مکمل مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی حلقہ بندیوں میں سنگین بے ضابطگیوں سے کام لیا گیا ہے اور حلقوں کو غیر فطری انداز سے تشکیل دیا گیا ہے۔بلوچ اکثریتی علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جو کہ انتخابات سے قبل دھاندلی کے ذمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی عوامی جمہوری جماعت ہے اور عوام کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔اس لیے عوام کے حقوق پر کسی کو قدغن لگانے نہیں دی گی۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ عوام اپنے قریبی حلقے و پولنگ کے بجائے سینکڑوں میل دور ووٹ کاسٹ کرنے جائے۔ایسے غیر فطری حلقہ بندیاں عوام کی رائے کو چھیننے کی کوشش ہے۔ جس کی اجازت نیشنل پارٹی نہیں دے گی۔


