امریکہ نے اُسامہ بن لادن کو "شہید” کردیا، عمران خان کی قومی اسمبلی میں تقریر

وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو قومی اسمبلی میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے کہا کہ امریکہ نے ایبٹ آباد میں آ کر اسامہ بن لادن کو مار دیا۔ تاہم فوراً ہی عمران خان نے کہا کہ ’انہیں شہید کر دیا۔‘

خیال رہے کہ دو مئی 2011 کو خصوصی امریکی فورسز نے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں آدھی رات کے وقت حملہ کر کے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔

البتہ پاکستان اب تک سرکاری سطح پر اس بات سے انکار کرتا رہا ہے کہ اس کے پاس القاعدہ کے سربراہ کے بارے میں کوئی معلومات تھیں۔ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن کے بعد کو پاکستان کو قومی سطح پر مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ پاک امریکہ تعلقات بھی خراب ہوئے۔

دوسری جانب 2011 میں پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ایوان میں اپنے خطاب کے دوران اسامہ بن لادن کی ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دے چکے ہیں۔

عمران خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر تو بعد میں بحث شروع ہوئی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اسمبلی میں ہی اس پر تبصرہ کر ڈالا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ’عمران خان نے اسامہ بن لادن کو آج شہید ڈکلیئر کر دیا ہے جو بندہ اس سرزمین پر دہشت گردی لے کر آیا۔‘

ان کے اس تبصرے پر اسمبلی میں اپوزیشن نشستوں پر موجود ارکان نے ہنستے ہوئے ٹیبل بجائے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ’اسامہ بن لادن اول اور آخر دہشت گرد تھا اس نے میرے وطن کو برباد کیا اور یہ اسے شہید کہہ رہے ہیں۔۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان میں حزب اختلاف کی بات سننے کی ہمت اور حوصلہ ہونا چاہیے تھا لیکن وہ ان کی بات سنے بغیر چلے گئے۔

گذشتہ برس جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے ایک امریکی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کی جانب سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر ہی امریکہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو تلاش کر کے ہلاک کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں