ورلڈکپ: بنگلادیش کو ہرا کر بھارت نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے سترہویں میچ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔ویرات کوہلی 103 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، شبھمن گل 53 اور روہت شرما نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پونے میں کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے، لٹن داس 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔دوسری جانب بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتےتو بولنگ ہی کرتےجبکہ کھلاڑی میچز کو انجوائے کر رہے ہیں۔

بنگلادیش کی اننگز بنگلا دیش کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹر تنزید حسن اور لٹن داس نے کیا ، بنگلادیشی اوپنرز نے 14 اوورز اور 4 گیندوں کے دوران 93 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی لیکن پھر تنزید حسن 43 گیندوں پر 51 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بعد ازاں اوپنر لٹن داس 66 ، کپتان نجم الحسن شانتو 8 اور مہیدی حسن میراز صرف 3 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ توحید نے 16 اور مشفیق الرحیم نے 38 اور محمود اللہ نے رنز کی اننگز کھیلی، ناسم احمد نے 14 رنز بنائے، یوں بنگلادیش نے مقررہ 50 اوورز 8 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، محمد سراج اور جڈیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔بھارت کی اننگزبنگلادیش کے 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹرز نے شروعات سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، اوپنرز روہت شرما اور شبھمن گل کے درمیان 88 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، لیکن پھر روہت 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ہدف کے تعاقب میں گل نے نصف سنچری اسکور کی لیکن پھر وہ 53 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ شریاس ائیر 19 رنز بناسکے۔ایسے میں ویرات کوہلی نے ایک بار پھر ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔یہ ان کے ون ڈے کیریئر میں 48 ویں سنچری ہے۔بنگلادیش کے خلاف کوہلی نے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت نے بنگلادیش کا 257 رنز کا ہدف با آسانی 42 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی۔شاندار بیٹنگ کرنے پر کوہلی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں