وڈھ کے حالات سازش کے تحت خراب کیے گئے، موجودہ حکومت سے بنیادی حقوق کی تحفظ کی توقع رکھنا بے کار ہے ،سردار اختر مینگل
وڈھ(مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل وڈھ میں مینگل قبائل کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بلوچستان بالخصوص وڈھ میں جو حالات بھی پیدا کیے گئے ہیں یہ کوئی حادثاتی نہیں بلکہ پلاننگ کے تحت پیدا کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مینگل کوٹ وڈھ میں مینگل قبائل کے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جرگہ میں مینگل قبائل کے لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سردار اختر مینگل نے اپنے خطاب میں جرگہ میں موجود تمام لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپ لوگوں کو اپنے آنے والے کل کے لیے ذہنی طور پر تیار ہونا ہوگا۔ اگر سستی برتی گئی تو آپ لوگوں کی آنے والی نسلیں بھی غیر محفوظ ہوں گی۔ اپنے آئندہ کے نسلوں کو محفوظ بنانے کی خاطر قربانی کی جذبہ رکھنا ہوگا۔ کوئی اس غلط فہمی میں مبتلا نہ رہے کہ سرکار یا انتظامیہ ان کی بنیادی حقوق کی تحفظ کرے گی۔ موجودہ انتظامیہ اور نگران وفاقی حکومت ہو یا صوبائی ہو ان سے اپنی بنیادی حقوق کی تحفظ کی توقع رکھنا بے کار ہوگی۔ کیونکہ سرکار مخصوص لوگ یعنی اپنے اثاثوں کی تحفظ کے علاوہ عوام کے تحفظ کی جذبات نہیں رکھتی۔ وڈھ بازار گزشتہ تین ماہ سے جنگ کی وجہ سے بند تھے اورآج بعد از نماز جمعہ بازار کھل جائینگے۔ یاد رہے کہ 22 اکتوبر بروز اتوار کو وڈھ سے کوئٹہ تک بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی قیادت میں لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔


