ن سے ش نکالنے والے مایوس ہوگئے، نواز شریف آن، بان اور شان سے واپس آگیا، مریم نواز

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو مٹانے والے کتنے آئے کتنے چلے گئے، نواز شریف آن بان اور شان کے ساتھ واپس آگیا۔ مینار پاکستان پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو خوش آمدید کہتی ہوں، مینار پاکستان میں سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر والے بھی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ رنگ روڈ، موٹرویز سمیت ہرجگہ رش رہا، میں نے تقریرنہیں کرنی صرف نوازشریف کریں گے، اللہ جسے چاہے عزت اور ذلت دے، اللہ کسی کو ختم نہ کرے تو کوئی کسی کو ختم نہیں کرسکتا، آج کے دن پر شکر ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا آج تقریر صرف نواز شریف کریں گے، میں تقریر نہیں کروں گی، یہاں پر 10 فیصد لوگ موجود ہیں باقی لوگ سڑکوں پر ہیں، نواز شریف کو مٹانے والے کتنے آئے اور کتنے چلے گئے، جو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی وہ بھی آج سکرین پردیکھ رہے ہوں گے، نواز شریف آج ایک بار پھر آپ کے درمیان موجود ہے،میں سمجھتی تھی مینار پاکستان بہت بڑی جگہ ہے، مسلم لیگ کے شیروں کے لئے مینار پاکستان چھوٹا پڑگیا ہے۔ نواز شریف اللہ کے فضل سے اپنے گھر، اپنی مٹی اپنے وطن واپس آئے ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ جلسہ گاہ میں پورا پاکستان موجود ہے، مریم نواز کے ساتھ حمزہ شہباز بھی اسٹیج پر موجود تھے اس موقع پر مریم نواز نے کہا جو کہتے تھے ن سے ش نکلے گی، دیکھیں ن اور ش ساتھ ہیں، ن اور ش ایک ہیں ماشا اللہ، اللہ دونوں بھائیوں اور بہن بھائی کی جوڑی سلامت رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں