حکومت اور آرمی چیف بیرونی سرمایہ ملک میں لانے کی کوشش کررہے ہیں،صدر علوی

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ نگراں وفاقی حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے تحت بیرونی سرمایہ کاری لانے کی کوشش کر رہے ہیں، فیصلہ سازی نے ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں 15ویں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی)کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے بھی شرکت کی۔ صدرمملکت نے کہا کہ تاجر برادری پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنا سکتی ہے،پاکستان کے پاس بے پناہ صلاحیت ہے جسے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے آر ای اے پی کو 300ملین ڈالر کی برآمدات سے 3 بلین ڈالر تک کے سفر پر مبارکباد دی۔صدر نے آر ای اے پی کے ممبران کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جوائنٹ وینچرز کی طرف بڑھیں اور چاول کی ویلیو ایڈڈ اشیا پر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ بریانی فیسٹیول ایک اچھا خیال ہے اور یہ ایک ویلیو ایڈیشن ہے۔ انہوں نے آر ای اے پی کو ایوان صدر میں میلہ منعقد کرنے کی دعوت بھی دی۔عارف علوی نے کہا کہ چاول کے تحقیقی اداروں کو بین الاقوامی مارکیٹ سے مزید استفادہ حاصل کرنے کے لئے بحال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے آر ای اے پی کے مطالبے پر کہا کہ حکومت اور آر ای اے پی کو مشترکہ طور پر مارکیٹ پر مبنی ادارے قائم کرنے چاہئیں۔صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کمپنیوں میں ملازمت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم دینا ہوگی۔اس موقع پر انہوں نے غزہ میں بربریت کی بھی مذمت کی

اپنا تبصرہ بھیجیں