لبنان کی مزاحمتی تنظیم نے بذریعہ راکٹ اسرائیلی ڈرون مار گرادیا

بیروت(صباح نیوز)لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے میں پرواز کرنے والے اسرائیلی ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے مار گرایا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد لبنان کے سرحدی علاقوں میں اسرائیلی افواج کے ساتھ کشیدگی کے بعد پہلی مرتبہ حزب اللہ کی جانب سے ایسا دعوی کیا گیا ہے۔ حزب اللہ نے دعوی کیا کہ اسرائیلی سرحد سے 5 کلومیٹر فاصلے پر لبنانی علاقے خیام میں اسرائیلی ڈرون کو نشانہ بنایا گیا جو کہ اسرائیلی علاقے میں جا کر گرا ہے۔خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد روزانہ حزب اللہ اور اسرائیلی افواج میں جھڑپیں ہوتی رہی ہیں تاہم پہلی مرتبہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی ڈرون مارنے اور زمین سے فضا میں مار کرکے ڈرون کا نشانہ بنانے والے میزائل کے استعمال کا دعوی کیا گیا ہے۔حزب اللہ کا دعوی ہے کہ گزشتہ تین ہفتوں میں اسرائیل کے 42 مقامات پر 84 حملے کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں