سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے میں تاخیر، ریلیف کاموں میں وزیراعظم ہاﺅس سے تاخیر ہورہی ہے، میر چنگیز جمالی
کوئٹہ (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے منصوبے کا پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات نہیں کیا جارہا جبکہ پٹ فیڈرکی لائننگ کا منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہونے سے لاکھوں لوگوں کاروزگار متاثر ہورہا ہے 15نومبر تک دونوں منصوبوں پرکام شروع نہ ہوا تو احتجاج کا راستہ اپنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاسم اچکزئی ، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرسردار عمران بنگلزئی،نصیرشاہ دوپاسی اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان میں صدی کی سب سے بڑی آفت سیلاب کی صورت میں آئی جس سے نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ آج بھی لاکھوں لوگ سڑک کنارے خیمہ بستیوں میں رہنے پر مجبور ہیںاراضی ،مال مویشی تباہ ہوگئے ہیں لیکن بلوچستان کے عوام کو ابتک کوئی ریلیف نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی جانب سے قائم کئے گئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے پروگرام کا بلوچستان میں تاحال پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات نہیں کیا گیا جبکہ پٹ فیڈرکینال کا لائنگ پروجیکٹ تاحال تاخیر کا شکار ہے حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے ہمارے علاقے قحط کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں فصلیں تباہ ہوگئی ہیںخریف فصل حاصل نہیں کی جاپارہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے لاکھوں گھروں کاروزگار متاثر ہورہاہے اور وزیراعظم سے ملنے کی کوشش کی ہے تاہم انہوں نے اس اہم مسئلے پر ہم سے ملناتک گوارا نہیں کیاجبکہ اہم ترین کاموں میں سہولت کی بجائے وزیراعظم ہا¶س کی جانب سے ہی تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کی ہیںاورانہیں بتایا ہے کہ دونوں منصوبوں پر کام شروع کیا جائے۔ میرچنگیز جمالی نے کہا کہ 15نومبر تک سیلاب متاثرین بحالی منصوبے کا پروجیکٹ ڈائریکٹر تعینات اور پٹ فیڈرکینال کی لائننگ کا منصوبہ شروع نہ کیا گیاتو احتجاج شروع کریں گے اورعدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ ایک سوا ل کے جواب میں چنگیز جمالی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی زمیندارایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ زمینداروں کے تمام جائز مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں۔


