مذاکرات کے دوسرے دور میں امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے ہوسکتا ہے، سفیر یورپی یونین
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایران امریکا امن مذاکرات کے حوالے سے یورپی یونین کے سفیر رائمنڈس کرابلس نے بڑی مثبت پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات کے دوسرے دور میں معاہدہ ہونے کا مکان ہے۔ رائمنڈس کرابلس نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مذاکرات کے پہلے راو¿نڈ کی ناکامی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس تاثر سے اتفاق نہیں کرتے کہ پہلے دور کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، بلکہ ان کے خیال میں مذاکرات کے دوسرے راو¿نڈ میں فریقین کے درمیان باقاعدہ معاہدہ ہونے کا قوی امکان موجود ہے۔ انہوں نے پرامید لہجے میں کہا کہ آج یا کل تک ان مذاکرات کے انتہائی مثبت نتائج پوری دنیا کے سامنے آ جائیں گے۔ سفیر رائمنڈس کرابلس نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک اس خطے میں مکمل امن کے خواہاں ہیں۔ تاہم انہوں نے معاملے کی نزاکت اور تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کسی حتمی معاہدے تک پہنچنا اتنا آسان کام نہیں ہے۔


