مودی جھوٹوں کے سردار ہیں، گالیاں دینے کا کارخانہ کھول رکھا ہے، صدر کانگریس
نئی دہلی(این این آئی)کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاہے کہ پی ایم مودی جھوٹوں کے سردار ہیں،انھوں نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چھتیس گڑھ میں عوامی جلسوں کو خطاب کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انھوں نے کہاکہ پی ایم مودی نے اپنا کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کیا، مودی جھوٹوں کے سردار ہیں، انھوں نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ امت شاہ چھتیس گڑھ آ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔کھڑگے نے عوام سے وعدہ کیاکہ اگر چھتیس گڑھ میں دوبارہ کانگریس حکومت بنی تو کسانوں کا قرض معاف ہوگا، کے جی سے لے کر پی جی تک بچوں کو مفت تعلیم ملے گی، 500روپے فی سلنڈر سبسڈی خواتین کے اکا?نٹس میں جمع ہوگی، 200یونٹ تک بجلی مفت ملے گی اور 17لاکھ 50ہزار غریب کنبوں کو خود کا گھر ملے گا۔انھوں نے کہا منی پور میں حالات خراب ہیں لیکن وزیر اعظم مودی ایک بار بھی منی پور نہیں گئے، مودی جی آنکھ موند کر بیٹھے ہوئے ہیں۔


