ہمسایہ ممالک بلیک کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں تخریب کاری کے پیچھے را اور انڈیا کا ہاتھ ہے، جان اچکزئی
کوئٹہ (آن لائن) نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی حالیہ تخریب کاری کے 3بڑے واقعات کے بعدہمسایہ ممالک ہمیں بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، 31اکتوبر کو ڑوب میں ہونے والے تخریب کاری کے واقعے میں 6افغان باشندے ملوث پائے گئے ہیں، بھارتی ایجنسیاں خطے میں بدامنی پھیلارہی ہے جن کو پاکستان ناکام بنارہا ہے ان واقعات میں انڈیا اور ”را“ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔ 54 ہزار افغان باشندے بلوچستان سے جا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ تخریب کاری کے 3بڑے واقعات میں ثابت ہوگیا کہ دو ہمسایہ ممالک ہمیں بلیک میل کررہے ہیں۔ دو طریقے سے ہمیں نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں کسی بھی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا ہے۔31اکتوبر کو ڑوب میں ہونے والے تخریب کاری کے واقعے میں 6افغان باشندے ملوث پائے گئے ہیں جن کے قبضے میں افغان کارڈ بھی بر آمد ہوئے ہیں پاکستان نے اپنی سلامتی کو دا? پر لگایا ہے انڈیا ایک تخریب کار ریاست ہے ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ ملک اور بالخصوص صوبے میں ہو نے والی تخریب کاری کے واقعات میں بھا رت ملوث ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان 40سال سے اپنے افغان بھائیوں کی مہمان نوازی کر تا آرہا ہے اورپاکستان میں انہیں تمام سہولیات بھی فراہم کی گئیں تھی ، پاکستان نے جو بھی سہولیات افغان بھائیوں کو فراہم کیں وہ انہیں افغانستان بھی میسر نہیں کر سکتا۔میانوالی واقعے سے پہلے سوشل میڈیا پر را کے ایجنٹس مبارک دے رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں جان اچکزئی نے کہا کہ بھارت کی ریاستی تخریب کاری کینڈا تک پہنچ گئی ہے کینیڈین شہری کے قتل سے ثابت ہوگیا ہے کہ انڈیا تخریب کاری کررہا ہے پاکستان میں تخریب کاری کے پیچھے را اور انڈیا کا ہاتھ ہے انڈیا کی تخریب کاری کے باوجود عالمی طاقتیں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سول ہسپتال کوئٹہ میں پھیلنے والی وباکا نگراں وزیر اعلی بلو چستان میر علی مردان ڈومکی نے نوٹس لے لیا ہے حکومت ڈاکٹروںکو تمام سہولیات فراہم کرے گی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تارکین وطن چمن بارڈر کے ذریعے رضا کارانہ طورپر جا رہے ہیں گزشتہ روز 700افرادکوچمن بارڈر کے راستے ڈی پورٹ کیا گیا تھا جبکہ ابتک54ہزار سے زائد افغان باشندے اپنے وطن واپس جاچکے ہیں،آنے والے ہفتے میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ کے ہولڈنگ سینٹر سے ابتک 7سو افراد کو ملک بدر کیا چکا ہے کوئٹہ میں نادرا کی جانب سے اب تک 40ہزار شنا ختی کارڈ بلاک کئے جا چکے ہیں ، حکومت کی جانب سے پہلے فیز میں بغیرکاغذات کے تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ اگلے فیز میں جعلی شناختی کارڈز بنا نے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔اور یہ اقدام جاری رہے گا۔


