سوراب میں سرکاری زمینوں پر سیاسی اور انتظامی سرپرستی میں قبضے، عوامی حلقوں کا شدید ردعمل

سوراب (این این آئی) سوراب میں سرکاری اراضیات پر بااثر قبضہ مافیا کا راج، سیاسی پشت پناہی کے سامنے سرکاری ملکیت بچانے کے لئے انتظامیہ اور آفیسران کا کردار بھی مایوس کن ہے ، قبضہ مافیا گیس پلانٹ ایریا میں کروڑوں روپے مالیت کے سرکاری زمینوں کو سیاسی اثر و رسوخ کے بل بوتے پر قبضہ کرکے ان پر تجاوزات قائم کر رہا ہے لیکن روکنے والا کوئی نہیں ، اسپورٹس کمپلیکس سے متصل قرآن اکیڈمی کے لئے مختص سرکاری اراضی کو قبضہ کرکے اس پر غیر قانونی طور پر دیواریں کھڑی کی گئی ہیں ، سرکاری اراضی کو قبضے سے بچانے کے لئے سوراب انتظامیہ اور ریونیو آفیسران بھی کردار ادا کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ سوراب میں سرکاری اداروں کے لئے مختص اراضیات پر بااثر افراد کے قبضے کا نوٹس لیکر سرکاری اراضی ان سے واگزار کروایا جائے، رپورٹ کے مطابق سوراب میں واقع قیمتی سرکاری اراضیات پر سیاسی اثر و رسوخ کے بل بوتے پر قبضے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے جہاں سینکڑوں ایکڑ زمین راتوں رات قبضہ کرکے ان پر غیر غیر قانونی طریقے سے تعمیراتی کام کیا جارہا ہے جب کہ سرکاری زمین کو بچانے کے حوالے سے سرکاری آفیسران کا کردار بھی مایوس کن ہے، واضح رہے کہ موضع نغاڑ گیس پلانٹ سے متصل ایریا کی سرکاری اراضیات کو مختلف محکموں کو الاٹ کرکے مجوزہ پلان کے مطابق باقاعدہ سرکاری دفاتر کی تعمیر کے لئے مختص کی گئی ہیں جن پر مختلف محکموں کی جانب سے تعمیراتی کام بھی جاری ہے مگر اب کچھ عرصے سے سیاسی اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے قبضہ مافیا ان سرکاری اراضیات کو پر قبضہ کرکے دھڑلے سے ان پر غیر قانونی تعمیرات میں مصروف ہے اس لینڈ مافیا کا تازہ ہدف اسپورٹس کمپلیکس سے متصل قرآن اکیڈمی کے لئے مختص کروڑوں روپے کی سرکاری زمین بن چکی ہے جس پر ایک بااثر مافیا دیواریں کھڑی کرکے اسے قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اپنے اس ناجائز قبضے کو تقویت دینے کے لئے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کررہا ہے سیاسی پشت پناہی کے سامنے سرکاری زمین کو بچانے کے لئے سرکاری آفیسران بھی بے بس دکھائی دے رہے ہیں اور قبضہ مافیا کا غیر قانونی تعمیراتی کام تسلسل سے جاری ہے ، سوراب کے عوامی حلقوں نے چیف سیکریٹری بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوراب میں سرکاری اداروں کے مختص زمینوں غیر قانونی قبضے کا نوٹس لیکر انہیں واگزار کرواکر شہر کے مستقبل کو ممکنہ مسائل سے بچایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں