اشتعال انگیز گفتگو کیس، جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد
لاہور (انتخاب نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے اشتعال انگیز گفتگو کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی۔ جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے خلاف اشتعال انگریز گفتگو کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کی۔ تھانہ گرین ٹاﺅن پولیس نے اشتعال انگیز گفتگو کیس میں مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ عدالت نے مریم اورنگزیب کی بریت کی درخواست پر پراسکیوشن سے جواب طلب کیا تھا جبکہ دونوں لیگی رہنماﺅں نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کر دی جبکہ مریم اورنگزیب کے ضمانتی مچلکے بھی مسترد کر دیے گئے۔ عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔


