قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار
لاہور (صباح نیوز)پنجاب پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری کو 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار کر لیا۔مجرم اشتہاری ابرار حسین نے 2006 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر دو شہریوں کو گوجرانوالہ سیٹلائٹ ٹائون میں قتل کیا تھا اور واقعہ کے بعد پہلے سائوتھ افریقہ پھر ہالینڈ فرار ہوگیا تھا۔پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا اور گرفتاری کے لیے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ ملزم کو بالآخر تین ماہ قبل اٹلی میں گرفتار کیا گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں ٹیم اشتہاری کو لے کر اٹلی سے پاکستان روانہ ہوگئی ۔آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر اسپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ کی ٹیم کو شاباش دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ قانونی مراحل جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے جبکہ قتل، ڈکیتی اور اغوا میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈان کو مزید تیز کیا جائے۔ ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شیئرنگ کی جائے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈائون کی خود نگرانی کریں۔


