پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پردستاویزاتی نظام رائج کردیا

کوئٹہ (صباح نیوز)پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد پر ایک دستاویزاتی نظام رائج کر دیا۔نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بارڈر پر پاسپورٹ پر کامیابی سے عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، چمن پاسپورٹ آفس میں تقریبا 1000 ٹوکن جاری کیے گئے اور 200 پاسپورٹ ڈیلیور کئے گئے ہیں۔جان ا چکزئی نے کہا کہ قلعہ عبداللہ پاسپورٹ آفس بھی مکمل طور پر فعال ہے، ریاست پاکستان نے تمام پریشر کے باوجود ایک دستاویزاتی نظام پر عملدرآمد یقینی بنایا، ایک دستاویزاتی نظام پر عملدرآمد کا کریڈٹ وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو جاتا ہے جنہوں نے اس کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو ایک بار بارڈر پار کرنے کی اجازت دی گئی تاکہ وہ اپنے وطن واپس پہنچ سکیں، آئندہ بارڈر کراسنگ پاسپورٹ کی موجودگی سے مشروط ہو گی۔انہوںنے کہا کہ افغانستان کے شہریوں کو بھی اب بارڈر پار کرنے کے لئے پاسپورٹ دکھانا ہو گا، ایک دستاویزاتی نظام سے بارڈر پر آمدورفت قانونی طریقے سے ممکن ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں