حکومت 80 روز سے احتجاج پر بیٹھے بی ڈی اے ملازمین کو جلد تنخواہ جاری کرے، بی این پی
کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر میر غلام نبی مری نے کہا ہے کہ حکومت 80 روز سے اپنے حقوق کے حصول کے لئے بیٹھے ہوئے بی ڈی اے کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بی ڈی اے کے دفتر میں ملازمین کے احتجاجی کیمپ میں ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی نے ہمیشہ ملازم اور عوام دشمن پالیسیوں کی مخالفت کی ہے گزشتہ 80 روز سے بی ڈی اے کے سینکڑوں ملازمین سابقہ حکومت اور کابینہ کے فیصلوں کے مطابق اپنے حقوق کے حصول کے لئے نوٹیفکیشن کے اجراءکے لئے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں 16 سال سے زیادہ عرصہ اپنے محکمے میں فرائض سر انجام دینے کے باوجود ملازمین کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے بی این پی اس موقع پر بھوک ہڑتالی ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے۔ کیونکہ ہماری جماعت نے ہمیشہ ملازمین اور غریب عوام ، مزدوروں کے حقوق کے حصول کے اور مسائل کے حل کے لئے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور کرتی رہے گی۔ چیئرمین بی ڈی اے اپنی ہٹ دھرمی کو چھوڑ کر حکومت اور کابینہ کے فیصلے کے مطابق ان کے نوٹیفکیشن جاری کرکے گزشتہ 5 ماہ سے بندتنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ تاکہ سینکڑوں غریب ملازمین کے گھروں میں ٹھنڈے پڑنے والے چولہے دوبارہ جل سکیں۔ اور ملازمین سمیت اہلخانہ میں پائی جانے والی بے چینی دور ہوسکے۔


