جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے میں خاتون رپورٹر اور کیمرہ مین جاں بحق
بیروت (صباح نیوز) الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے جنوبی لبنان پر فضائی حملے میں المیادین ٹی وی کی خاتون رپورٹر فرح عمر اور کیمرہ مین رابیح الماماری سمےت تےن صحافی جاں بحق ہوگئے ہیں ، اسرائیلی فوج نے طیر حرفہ نامی قصبے کے قریب موجود اخباری مندوبین پر بمباری کر دی ۔ اس حملے میں المیادین ٹی وی کی خاتون رپورٹر فرح عمر اور کیمرہ مین رابیح الماماری اور ایک مقامی صحافی مارے گئے لبنان کے دارالحکومت بیروت سے نشر ہونے والے عالمی ٹی وی چینل المیادین نے اسرائیلی بمباری میں اپنی رپورٹر اور کیمرا مین کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیل کی بزدلانہ کارروائی کی مذمت کی ہے۔المیادین ٹی وی نے 2012 میں اپنی نشریات کا آغاز بیروت سے کیا تھا اور مسلم عرب دنیا میں دیکھے جانے والا مقبول ٹی وی شمار ہوتا ہے۔ اس چینل کو لبنان، اسرائیل، فلسطین اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں کی حمایت کرنے پر اسرائیل کی جانب سے دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیل بمباری میں 50 سے زائد صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوچکے ہیں جب کہ 10 زخمی اور 3 لاپتا ہیں۔ اسی عرصے میں لبنان میں بھی اسرائیلی فوج نے 5 صحافیوں کو نشانہ بنایا ہے۔


