فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میچ، ارجنٹائن نے برازیل کو 1-0 سے شکست دیدی، شائقین آپس میں لڑ پڑے
براسیلیا (مانیٹرنگ ڈیسک) برازیل میں شائقین کی ہلڑ بازی اور پولیس سے ہونے والی جھڑپوں کی وجہ سے متاثر ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ورلڈ چیمپیئن ارجنٹائن نے میزبان ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے دی۔ خبر رساں ایجنسیوں ’رائٹرز‘ اور ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریو دی جنیرو کا مراکانہ اسٹیڈیم میچ کے آغاز سے قبل ہی میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا اور برازیلین پولیس نے اسٹیڈیم میں موجود ارجنٹائن کے شائقین پر چڑھائی کرتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس دوران پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب دونوں ٹیموں کے ترانے بجائے جانے کے دوران دونوں گول پوسٹ میں سے ایک کے عقب میں موجود ارجنٹائن اور برازیل کے شائقین آپس میں گتھم گتھا ہو گئے جس کے بعد پولیس نے صرف مہمان تماشائیوں کو نشانہ بناتے ہوئے لاٹھی چارج شروع کردیا۔اس کارروائی پر ارجنٹائن کے شائقین بپھر گئے اور انہوں نے توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کرسیاں اٹھا کر پولیس پر پھینکنا شروع کردیں جبکہ اسی دوران اس ہنگامی ا?رائی سے پریشان کچھ تماشائیوں نے اس لڑائی سے بچنے کے لیے میدان کی جانب راہ فرار اختیار کی۔اس موقع پر خون میں لت پت چہرے کے ساتھ شائق میدان میں پہنچ گیا اور اسے اسٹریچر پر ڈال کر میدان سے لے جایا گیا۔کچھ شائقین کو پولیس نے جھگڑے کے سبب الگ کردیا اور یہ معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ معاملے کو سنبھالنے کے لیے لیونل میسی اور ان کی ٹیم کے ارکان کو اسٹیڈیم کا رخ کرنا پڑا۔کھلاڑیوں نے شائقین کو پرسکون رہنے کی تلقین کی اور ایک مرحلے پر ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینیز نے شائقین پر لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہلکاروں کو روکنے کے لیے آہنی دیوار پھاند کر نشستوں میں پہنچنے کی کوشش بھی کی۔ کچھ دیر میں کھلاڑی واپس میدان میں لوٹ آئے لیکن میدان میں پریکٹس کے بجائے وہ واپس لاکر روم میں چلے گئے اور ان کے رویے سے ایسا محسوس ہوا کہ انہوں نے اس بدمزگی کے سبب میچ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔