ریحانہ حبیب جالب سمیت بلوچستان کے قبائلی رہنماءاور عمائدین استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے
اسلام آباد (انتخاب نیوز) بلوچستان سے قبائلی رہنماوں اور عمائدین نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے بلوچستان کے ترین قبائل کے رہنماوں اور عمائدین نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں سعد اللہ جان ترین، محب اللہ ترین، ریحانہ حبیب جالب بلوچ شامل تھے، اس کے علاوہ ملاقات میں سندھ سے ڈاکٹر سلیم پٹھان بھی موجود تھے۔ قبائلی رہنماوں اور عمائدین نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ملک سعد اللہ جان ترین کو استحکام پاکستان پارٹی بلوچستان کا صدر نامزد کردیا گیا جبکہ ریحانہ حبیب بلوچ آئی پی پی ویمن ونگ بلوچستان کی صدر نامزد کردی گئیں۔پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر ترین کی مشاورت سے سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی نے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔ جہانگیر خان ترین نے پارٹی مفلر پہنا کر رہنماوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع سینئر رہنما آئی پی پی عون چودھری، نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ بھی موجود تھے۔


