پنجگور میں پک اپ گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی
پنجگور (نامہ نگار) پنجگور قلم چوک کے قریب کالج روڈ پر ایرانی ساختہ پک اپ گاڑی نے موٹر سائیکل کو کچل دیا جس سے ایک شخص جاں بحق دوسرازخمی گاڑی ڈرائیور فرار۔ پولیس کے مطابق پنجگور قلم چوک کالج روڈ کے قریب ایرانی ساختہ گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جس سے موٹر سائیکل سوار ثناءاللہ ولد شاہ علی ساکن نصیر آباد موقع پر جاں بحق۔ صغیر احمد ولد الٰہی بخش زخمی ہوگیا۔ زخمی اور لاش کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پنجگور کے روڈ پر جگ جگ یوٹرن اور اسپیڈ بریکر نہ ہونے سے حادثات معمول بن چکے ہیں چند روز قبل گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار شدید زخمی اور بے ہوش ہوگیا تھا۔ عوامی حلقوں نے اپیل کی ہے کہ پنجگور میں اضافی یوٹرن کو فوری طور پر ختم کرکے مختلف چوکوں پر اسپیڈ بریکر لگایا جائے، جو غیر معیاری اسپیڈ بریکر لگائے گئے تھے وہ ایک ماہ بعد ناکارہ ہوکر غالب ہوگئے۔ دوسری جانب اتنی بڑی آبادی اور گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے رش کے باوجود کہیں پر ٹریفک پولیس دکھائی نہیں دیتی جس سے شہر کے اندر ایرانی ساختہ گاڑیاں تیز چلاکر انسانی جانوں کی پرواہ نہیں کرتے۔


