غزہ میں جنگ بندی کیلئے یو اے ای نے سلامتی کونسل میں قرار داد جمع کرادی

نیویارک(صباح نیوز) متحدہ عرب امارات نے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک قرارداد کا مسودہ سلامتی کونسل میں جمع کرادیا ہے۔اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کے مشن نے ایکس پر لکھا، اقوام متحدہ کے مسودہ قرارداد کو اسلامی تعاون تنظیم اور عرب ممالک کی حمایت حاصل ہے۔ یہ ایک اخلاقی اور انسانی تقاضہ ہے اور ہم تمام ممالک سے سیکریٹری جنرل کا مطالبہ ماننے کی اپیل کرتے ہیں۔ بتایا گےا ہے کہ متحدہ عرب امارات چاہتا ہے کہ اس قرار داد پر سلامتی کونسل میں ووٹنگ جمعے کے روز کروائی جائے۔ اس روز سیکریٹری جنرل بھی غزہ کی صورت حال سے سلامتی کونسل کو آگاہ کریں گے۔ یاد رہے سلامتی کونسل میں قرار داد کی منظوری کے لیے کونسل کے پانچ مستقل ارکان سمیت کم از کم نو ارکان کی حمایت درکار ہے۔ کسی بھی مستقل رکن کے ویٹو کرنے کی صورت میں قرار داد منظورنہیں ہوگی۔امریکہ اور اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کے خلاف ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اس سے حماس کو فائدہ پہنچے گا۔ امریکہ غزہ میں عارضی جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے تاکہ شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور حماس کے پاس موجود اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے ایک بیان میں کہا کہ عرب ممالک کے وزرا واشنگٹن کا دورہ کریں گے اور اس قرار داد کے متن کے حوالے سے امریکی حکام سے گفتگو کریں گے۔یاد رہے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یو این چارٹر کی شق 99 کا استعمال کرتے ہوئے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ جنگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر ایکشن لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں