سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کوئٹہ میں گیس کی بندش کا خاتمہ، پریشر میں کمی دور کریں، سنی علما کونسل

کوئٹہ (آن لائن) سنی علماءکونسل بلوچستان کے سربراہ مولانا رمضان مینگل نے سریاب اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام شدید سردی میں اس مسئلے کو حل کرکے لوگوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائیں بصورت دیگر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی حالات کی تمام تر ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی۔ جاری کردہ بیان میں انہوں نے شدید سردی میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت عوامی مسائل پر سیاسی جماعتوں اور انتظامیہ کی بے حسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج لوگوں کو سردی سے بچاﺅ کے لئے اور خواتین کا امور خانہ داری میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے گیس حکام اور ارباب اختیار ہر سال گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم پریشر اور وولٹیج میں کمی بیشی کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں اور عوام سے ملنے والے ٹیکس کے اربوں روپے گیس پائپ لائن کو بچھانے اور ان کی مرمت پر خرچ کرتے ہیں گیس میسر نہ ہونے کے باوجود لوگ بلا تاخیر بھاری بھر کم بل ادا کررہے ہیں لیکن مذکورہ کمپنی اور حکام گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں تا حال ناکام ہیں اگر انہوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور گیس کی فراہمی سریاب سمیت کوئٹہ کے ملحقہ علاقوں میں یقینی نہ بنائی گئی تو ہم احتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی ہمارا احتجاج سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں ہوگا بلکہ عوام کے مفادکے لئے احتجاج ہوگا جو فائدہ مند ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں