غیر شرعی نکاح کیس، عدالت نے عمران خان کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر شرعی نکاح کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کو اگلی سماعت (18 دسمبر) پر طلب کر لیا جبکہ بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری استثنی منظور کر لیا۔سینئر سول جج قدرت اللّٰہ نے ایک صفحےکا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ بشری بی بی کی ایک روزہ حاضری سے استثنی منظور کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بشری بی بی بطور ضمانت 50 ہزار روپے مالیت کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، گزشتہ سماعت میں عمران خان کی اسکائپ کے ذریعے حاضری تکنیکی وجوہات کی وجہ سے نہ ہوسکی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ آئندہ سماعت پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری کو یقینی بنائیں۔حکم نامے کے مطابق شکایت اور دیگر دستاویزات کی نقول فریقین کو فراہم کردی گئی ہیں۔مزید بتایا گیا کہ کیس کی آئندہ سماعت 18 دسمبر کو ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز (14 دسمبر) کو غیر شرعی نکاح کیس کی ہونے والی سماعت کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے تھے، اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ ہمارے پاس اس کیس میں 4 گواہ ہیں، چاروں گواہان کے بیانات ایک ہی دن ریکارڈ کرا سکتے ہیں، انہیں پیش کرنے کے لیے ہمیں تاریخ دی جائے۔بعد زاں عدالت نے سماعت کو 18 دسمبر تک ملتوی کردیا تھا۔واضح رہے کہ 11 دسمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف خاور مانیکا کی جانب سے دائر غیر شرعی نکاح کیس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے بشریٰ بی بی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔اس سے قبل 5 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں خاور مانیکا کے گھریلو ملازم اور کیس کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلمبند کرایا تھا۔جبکہ 28 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت میں نکاح خواں مفتی سعید اور عون چوہدری نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں