یورپ تاریخ کے انتہائی مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے:میرکل
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپ اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اورکورونا وائرس کی وجہ سے معیشت پر پڑنے والے اثرات سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔
جرمنی کے یورپی یونین کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن نے یورپی یونین کے لیے کورونا وائرس بحالی فنڈ کے حوالے سے معاہدہ کی جلد از جلد تکمیل پر زور دیا۔
دونوں جرمن رہنماؤں نے ایک ورچوو ل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کی صدارت کے مدنظر اگلے چھ ماہ کے لیے جرمنی کے اہداف کا خاکہ پیش کیا۔ خیال رہے کہ جرمنی نے بدھ کے روز یورپی یونین کی صدارت باضابطہ طورپرسنبھالی تھی۔
میرکل نے کہا”میں 17جولائی کو اس اعتماد کے ساتھ برسلز جارہی ہوں کہ معاہدہ طے ہوجائے گا۔” انہوں نے کہا کہ اگر بات چیت نامکمل رہتی ہے تب بھی ”موسم گرما تک کوئی نا کوئی معاہدہ ضرور طے پا جائے گا۔ میں کسی دوسرے متبادل کے بارے میں تصور بھی نہیں کرسکتی۔”
میرکل کا کہنا تھا”میں سوچتی ہوں کہ اگر دونوں یورپی رہنما ایک دوسرے سے متفق ہیں تو یہ کہیں زیادہ اہم بات ہے۔ بلاشبہ میں اپنے جرمن مفادات کو نظرانداز نہیں کرسکتی اور ہم بات چیت کے دوران اسے سب کے سامنے رکھیں گے۔ لیکن ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ عہدہ صدارت نے ہم پر اضافی ذمہ داریاں ڈال دی ہیں۔”


