بلوچستان کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے موقع پر دو مخالف قبائل آمنے سامنے

قلعہ عبداللہ (یو این اے )ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کے مثبت کردار سے قبائلی تصادم کا خطرہ ٹل گیا، کاغذات نامزدگی فارم جمع کرنے کے موقع پر دو مخالف قبائل آمنے سامنے آگئے، ریٹیئرننگ آفیسر تمام امیدواروں کے لئے سخت واضح ہدایات اور ضابطہ اخلاق جاری کریں عوامی حلقوں کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کاغذات نامزدگی فارم جمع کرنے کے موقع پر دو مخالف قبائل کے امیدوار درجنوں مسلح افراد کے ہمراہ ریٹیئرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ کے دفتر کاغذات جمع کرنے ایک ساتھ آئے جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں فریقین آمنے سامنے ہوگئے جس سے کسی بھی وقت کچھ ہوسکتا تھا تاہم ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ذاکر علی بلوچ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر دانشمندی سے قابو پایا اور دونوں فریقین سے اپنے مسلح لوگوں کو کنٹرول کرنے کو کہا اور ساتھ ہی درمیان میں لیویز کی گاڑیاں کھڑی کرکے مزید نفری طلب کرلی جس سے تصادم کا خطرہ ٹل گیا دوسری جانب ضلع قلعہ عبداللہ کے مختلف عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کے اس احسن اقدام کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ریٹیئرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ حلقہ پی بی 50 کے تمام امیدواروں کے لئے واضح ہدایات اور سخت ضابطہ اخلاق جاری کریں اور ساتھ ہی 10 فروری تک اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کریں اور اسلحہ کی نمائش کرنے اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں