اقوام متحدہ کے طریقہ کار کے مطابق قازقستان نے طالبان تحریک کو کالعدم کی فہرست سے نکال دیا

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) قازقستان نے افغان طالبان تحریک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے ساتھ مستقبل کے رابطے اقوام متحدہ کے موقف کی روشنی میں کیے جائیں گے۔قازقستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ایبک سمیڈیاروف نے ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کازنفارم کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نشاندہی کی کہ طالبان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کالعدم تنظیم کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قازقستان باقاعدگی سے ملک میں ممنوعہ کالعدم تنظیموں کی قومی فہرست کا آڈٹ کرتا ہے تاکہ اسے اپ ڈیٹ کیا جاسکے۔ اس عمل کے ایک حصے کے طور پر اقوام متحدہ کے طریقہ کار کے مطابق طالبان تحریک کو اس سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ طالبان تحریک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل نہیں ہے، اس لئے قازقستان نے بھی انہیں اپنی کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالا۔انہوں نے کہا کہ قازقستان اور افغانستان کے درمیان مزید رابطے اقوام متحدہ کے موقف اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کی بنیاد پر تیار کیے جائیں گے۔ دوسری طرف روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے قازقستان اور افغان حکام کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو برقرار رکھنے سمیت تخریب کاری اور منشیات کے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں میں مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں