امریکی ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ میں فائرنگ، حملہ آور گرفتار

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی ریاست کولوراڈو کی سپریم کورٹ کی عمارت میں گھس کر فائرنگ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 44سالہ برینڈن اولسن کی داغی ہوئی گولیوں سے عدالت کی عمارت کو نقصان پہنچا۔پولیس نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس واقعہ کا سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سنائے گئے فیصلے سے کوئی تعلق نہیں۔کولوراڈو کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف آئین کی چودھویں ترمیم بروئے کار لاتے ہوئے انہیں ریاستی انتخاب کے لئے نا اہل قرار دے دیا تھا۔عدالت نے سابق صدر کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام کے تحت یہ کارروائی کی تھی۔ کولوراڈو سپریم کورٹ ملک کی واحد ریاستی سپریم کورٹ ہے جس نے کسی سابق صدر کے خلاف بغاوت کے الزام پر کارروائی کرتے ہوئے اسے انتخاب کے لئے نا اہل قرار دیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ تین کے مقابلے میں چار کی اکثریت سے سنائے جانے والے اس فیصلے کے بعد سے کولوراڈو سپریم کورٹ کے ججوں کو تواتر سے دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں