توہین عدالت کیس ،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا
اسلام آباد (صباح نیوز)لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کروادیا۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے کے الزامات مسترد کر دیئے۔اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے استدعا کی ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کی درخواست جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسترد کرے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقات کی گئی، ملاقات میں تحریک انصاف کو بلاتفریق لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔جواب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں، 26 دسمبر تک تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں 33 شکایات درج کروائی گئیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شکایات پر اقدامات اور ہدایات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ کو فراہم کر دی گئیں، پی ٹی آئی کی شکایات پر آئی جی، چیف سیکرٹری اور آر اوز نے عملدرآمد رپورٹس بھی جمع کروائیں، لیول پلیئنگ فراہم نہ کرنے کے الزامات کو آر اوز کی رپورٹ کے تناظر میں مسترد کرتے ہیں۔اپنے جواب میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے لیے 843 میں 598 کاغذات نامزدگی منظورکئے گئے جبکہ 245 کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے، صوبائی اسمبلیوں کے لئے پی ٹی آئی کے 1777 میں 1398 کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے اور 379 کاغذات مسترد کئے گئے، تحریک انصاف کے امیدواران کے 76.18 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔


