پاکستان کے میزائل حملوں میں 3 خواتین اور 4 بچوں کی موت ہوئی، ایران
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پنجگور میں میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایران کے اندر بلوچ علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر میزائل فائر کیے جانے کے نتیجے میں ایرانی میڈیا کی جانب سے شہریوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بی بی سی فارسی کے مطابق خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق ایران کے سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی سیکورٹی گورنر نے بتایا کہ سراوان میں ہونے والے دھماکوں میں 3 خواتین اور 4 بچے ہلاک ہوئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے آج صبح اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایران کیلئے جوابی کارروائی کا نام ’آپریشن مرگ برسرمچار‘ بتایا گیا۔ دفتر خارجہ نے حملے کی حتمی نوعیت نہ بتاتے ہوئے کہا کہ ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں بلوچ علیحدگی پسندوں کے ٹھکانوں پر متعدد فوجی حملے کیے گئے ہیں اور کارروائی کے دوران متعدد بلوچ علیحدگی ہلاک ہوئے ہیں۔ دیگر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے سراوان کے علاقے میں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا اور بلوچ علیحدگی پسندوں کے دو کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔


