خضدار اور وڈھ کے صحافیوں پر درج مقدمات ختم کیے جائیں، صحافتی تنظیموں کا مطالبہ

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار اور وڈھ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو مقدمات میں نامزد کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقدام کو آزادی صحافت پر قدغن قرار دیا ہے۔بی یو جے نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ خضدار کے سینئر صحافی ندیم گرگناڑی اور وڈھ میں روزنامہ آزادی کے رپورٹر مسعود احمد کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ریلی کے حوالے سے درج مقدمات میں نامزد کرنا تشویشناک ہے اور یہ آزادی صحافت پر قدغن ہے۔ مقامی پولیس کا یہ اقدام قابل مذمت ہے۔ بی یو جے قیادت نے نگراں وزیر داخلہ بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان سے معاملے کا نوٹس لیکر تحقیقات کرنے اور صحافیوں کے نام مقدمات سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے بی یو جے آزادی صحافت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے خضدار اور وڈھ کے صحافیوں کے ساتھ ہیں اگر اس قسم کی کارروائیاں نہ روکی گئیں تو اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔علاوہ ازیں سوراب پریس کلب کی جانب سے وڈھ اور خضدار کے صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی سرگرمی کی کوریج ایک صحافی کے پیشہ ورانہ فرائض میں شامل ہوتی ہے ، صحافیوں پر پیشہ ورانہ امور کے انجام دہی کے بنیاد پر ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات کا اندراج آزاد صحافت پر قدغن کے مترادف ہے جس سے صوبہ بھر کے صحافتی حلقوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے اور وہ اپنے زمہ داریاں نبھانے میں اضطراب کا شکار ہیں ، سوراب پریس کلب کے اراکین نے وڈھ پریس کلب کے رکن مسعود لہڑی اور خضدار پریس کلب کے ندیم گرگناڑی کے خلاف قائم کیے گئے مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کو بے بنیاد الزامات کے زریعے ہراساں کرنے کا سلسلہ ترک کرکے انہیں آزادانہ طریقے سے کام کرنے کا موقع دیا جائے ، خضدار انتظامیہ صحافیوں پر درج مقدمات ختم کرکے بلوچستان بھر کے صحافیوں میں پائے جانے والی تشویش کا ازالہ کیا جائے بصورت دیگر صوبے کے دیگر صحافیوں کے ساتھ مل پریس کلب سوراب کے صحافی احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں