کراچی میں ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا، اہم کمانڈر سمیت 17 مشتبہ افراد گرفتار
کراچی (انتخاب نیوز) سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا۔ ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی کے ارکان کراچی میں کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ انٹیلی جنس ایجنسیز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ کارروائی میں اہم کمانڈرز سمیت 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی جیسے سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ان کو افغانستان سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی سرپرستی میں مدرسہ طلبہ کے روپ میں منظم کیا گیا تھا۔ گرفتار مشتبہ افراد 2007ءتا 2014ءتک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سوات، مالاکنڈ میں سیکورٹی فورسز اور NGOs پر مختلف حملوں، کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی، سیاستدانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ یہ نیٹ ورک افغانستان میں ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت کے لیے بھتہ گیری کی سرگرمیوں اور اغواءبرائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرتا تھا۔ نیٹ ورک نے مدرسے میں خودکش بمباروں کو بھی پناہ دی تھی جنہیں افغانستان سے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں مختلف کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔


