شہر استعمار میں بلوچ ماﺅں، بہنوں کی فریاد نہیں سنی گئی، مذاکرات محض ڈھونگ ہوں گے، این ڈی پی
کوئٹہ (پ ر) بلوچ نسل کشی کے خلاف ہونے والے27 جنوری کوئٹہ جلسے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ بلوچ مزاحمت کاروں کے ساتھ مذاکرات کے دعوے دار بلوچ ماﺅں، بہنوں کی فریاد سننے میں ناکام رہے۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بالاچ بلوچ کی ماروائے آئین دوران کسٹڈی قتل کے بعد تربت سے جو تحریک شروع ہوئی اس نے پورے بلوچستان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ یہ تحریک ایک خاندان کی فریاد سے شروع ہو کر آج ہزاروں خاندانوں کی نمائندگی کر رہی ہے جس میں ماروائے آئین قتل اور جبری گمشدگی کے خاتمے جیسے شہری، آئینی اور انسانی حقوق کی بنیاد پر مطالبات شامل ہیں مگر ریاست کی جانب سے شہر استعمار میں جو ناروا سلوک رکھا گیا وہ اس پیغام کے لئے کافی تھا کہ بلوچستان کی حیثیت کالونی کی ہے جہاں کے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور ان بلوچ ماﺅں بہنوں کے ساتھ استعماری قوتوں کے سلوک سے یہاں کے حکمرانوں کی ظلم و جبر اور متشدد پالیسیاں دنیا کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں جس کے خلاف27 جنوری کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ اسے مزید آشکار کرےگا۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اس جلسے کی بھرپور حمایت کرتی ہوئے شمولیت اختیار کرے گی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست کی جانب سے بارہا یہ باور کرایا جاتا ہے کہ بلوچ مزاحمت کاروں کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے مگر بلوچ ماﺅں، بہنوں اور جبری گمشدہ خاندانوں کے متاثرین کی فریاد سننے میں ناکامی کے بعد یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے کہ اس نام نہاد جمہوری ریاست میں بلوچ کے ساتھ کوئی بھی مذاکرات ڈھونگ ہوں گے، بلکہ یہاں بلوچ سے نمٹنے کے لئے صرف ایک ہی حربہ طاقت کا استعمال کیا جائےگا، لہذا ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر ریاست کے پاس دلیل طاقت ہے تو بلوچ کے لئے بھی طاقت کے علاوہ کوئی دوسرے راستے کا انتخاب محض خام خیالی تصور کیا جائےگا۔


