اپنی افواج پر حملے برداشت نہیں کریں گے، امریکی وزیر دفاع
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اس حملے کا جواب دینے کا عزم ظاہر کیا جس میں اتوار کو شام کی سرحد کے قریب شمال مشرقی اردن میں ایک اڈے پر امریکی افواج کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ آسٹن نے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان میں کہا: "ہم حملوں کو برداشت نہیں کریں گے اور اپنی افواج اور مفادات کے دفاع کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ اس طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ شمال مشرقی اردن میں اڈے پر حملے میں امریکی افواج اور بین الاقوامی اتحاد کے دیگر افراد کو نشانہ بنایا گیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ "خطے میں امریکی افواج پر جاری حملوں کے پیچھے ایران کی حمایت یافتہ مسلح گروہ ہیں،”۔ اڈے پر فورسز کو داعش کو شکست دینے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اتوار کو شام کی سرحد کے قریب شمال مشرقی اردن میں ایک اڈے پر ڈرون حملے میں 3 امریکی فوج کے اہلکار ہلاک اور کم از کم 34 زخمی ہو گئے تھے۔صدر جو بائیڈن نے بھی ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا۔


