امریکا نے پی ایل او کے ارکان کی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی
واشنگٹن(این این آئی)امریکی ایوان نمائندگان نے صرف دو ووٹوں کے مقابلے میں 422 ووٹوں کی اکثریت سے اس مسودہ قانون کی منظوری دی جس میں فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او)کے تمام ارکان کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔غیرملکی خبرررساں ادارے کے مطابق مسودہ قانون میں فلسطین میں حماس اور اسلامی جہاد تحریکوں سے منسلک افراد اور گذشتہ 7 اکتوبر کے حملوں میں شریک افراد کے داخلے پر بھی پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔بل نمبر H.R 6679 جسے حماس دہشت گردوں کی امیگریشن بینیفٹس ایکٹ کا نام دیا گیا ہے میں ان غیر ملکیوں کو ہدف بنایا گیا ہے جنہوں نے سات اکتوبر کے اسرائیل کے خلاف حملوں کو انجام دیا، اس میں حصہ لیا، منصوبہ بنایا، مالی امداد فراہم کی، یا کسی بھی طرح سے ان حملوں میں سہولت فراہم کی۔ پنسلوانیا سے ریپبلکن رکن ٹام میک کلینٹاک کی طرف سے پیش کردہ بل فلسطین لبریشن آرگنائزیشن پر عائد امریکی پابندیوں پرمشتمل ہے۔کانگریس کی ویب سائٹ کے مطابق ایوان نمائندگان کی ووٹنگ کے بعد اس منصوبے کو سینیٹ اورپھر امریکی صدر سے منظور کرنا ضروری ہے۔


