موسم کی خرابی، پی ٹی آئی اے کی اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں منسوخ
اسلام آباد (انتخاب نیوز) موسمی خرابی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر ملک کی 7 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آپریشنل وجوہات کی بنا پر نجی ائیر لائن کی مسقط سے لاہور کی پرواز سیالکوٹ منتقل کی گئی جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث گلگت اسکردو کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ ہفتے کو اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، آپریشنل وجوہات، نجی ایئر لائن کی اسلام آباد سے کراچی کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی ہے جب کہ نجف لاہور کی غیر ملکی ائیرلائن کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ آپریشنل وجوہات کی بناءپر برٹش ایئر ویز کی اسلام آباد سے لندن کی پرواز شیڈول سے 24 گھنٹے کی تاخیر سے آج صبح 7 بجے روانہ ہوئی، کوئٹہ دبئی کی پرواز بھی گزشتہ 22 گھنٹے سے روانہ نہ ہوسکی۔ اس کے علاوہ کوئٹہ ایئر پورٹ منیجر کے مطابق دبئی سے پرواز کی شیڈول پر روانگی کے وقت کوئٹہ میں موسم شدید خراب ہوگیا تھا، تیز ہواﺅں کی وجہ سے طیارہ ٹیک آف نہ کرسکا جس کے بعد آپریشنل وجوہات کی بنیاد پر روانگی روکی گئی اور یوں مختلف وجوہات کی بنیاد پر ملک کے مختلف ایئر پورٹس پر آمد و روانگی کی 25 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔


