اسرائیل کی رفح اور غزہ میں شدید بمباری سے 110 فلسطینی شہید، 12 افراد گرفتار کرلیے
غزہ (صباح نیوز)اسرائیلی فوج نے رفح کے محفوظ زون پر حملے شروع کر دئیے، رات بھر گولہ باری اور غزہ شہر میں مکانات پر بمباری سے مزید 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح پر حملے شروع کردئیے جبکہ خان یونس میں ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر سموک بم پھینکے، عرب میڈیا کا کہناہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 110 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع بیتہ میں چھاپے کے دوران 12 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جنین کے جنوب میں واقع عرابہ میں گرفتار ہونے سے قبل مبینہ طور پر ایک فلسطینی کو زخمی بھی کیا گیا تھا۔ غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے، اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں سینکڑوں نئی فوجی چوکیاں قائم کی ہیں جس کا مقصد اسرائیل کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے ۔ دوسری جانب القسام بریگیڈز نے غزہ شہر میں مارٹر گولوں سے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا تو اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس مخالف تحریروں کے پمفلٹ گرانے شروع کر دئیے۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا ہیڈکوارٹر تباہ کرنے کا دعوی بھی کیا ہے جس میں کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں ، حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ شہادتوں کا خدشہ ہے ۔ غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ کو روکنے کے لیے جاری کوششیں جاری ہیں ۔ ترکیے کے انٹیلی جنس سربراہ نے قطر میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ سے ملاقات کی جس میں غزہ میں امداد اور یرغمالیوں کی رہائی پر بھی بات ہوئی۔جرمن وزیر خارجہ اینالینا بائر بوک نے ہزاروں فلسطینیوں کے قتل میں ملوث اسرائیل کی جانب سے رفح کے محفوظ زون میں فوجی آپریشن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ رفح بارڈر میں موجود ہزاروں پناہ گزینوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، رفح کے محفوظ زون میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا کوئی جواز نہیں ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر و الکر ترک نے بھی رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے منصوبے پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رفح میں 15 لاکھ فلسطینی پناہ گزین ہیں، اسرائیلی فوجی منصوبے نے شہریوں کیلئے خطرات پیدا کر دئیے ہیں۔ واضح رہے کہ7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 27ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 65ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ ناقابل رہائش ہو چکا ہے اور غزہ کی 80فیصد سے زائد آبادی نقل مکانی کر چکی ہے۔


