سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات 6ڈی آروز نے بیانات قلمبند کرادیئے
اسلام آباد (آئی این پی ) سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا۔ کمیٹی نے لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کی ٹرانسکرپٹ کیلئے پیمرا کو خط لکھ دیا۔ راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کا بیان قلمبند کرانے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرمری نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی کے ٹی او آر اوز طے کئے گئے تھے۔ راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں، انکوائری کمیٹی کل صوبائی اسمبلی کے 26حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلمبند کرے گی۔ یاد رہے کہ 17 فروری کو کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نگران حکومت نے الیکشن کروانے کیلئے لگوایا گیا تھا، الیکشن ٹھیک نہیں کروا سکا، استعفی دیتا ہوں۔ کمشنر راولپنڈی نے دعوی کہ میں ڈیوٹی ٹھیک سے نہیں کر سکا، قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے نتائج تبدیل کئے گئے، ہارے ہوئے امیدواروں کو جتوایا گیا۔ ان کے الزامات منظر عام پر آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے الزامات کی چھان بین کیلئے اعلی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا تھا۔


