انتخابات میں دھاندلی، سابق کمشنر راولپنڈی نے الیکشن کمیشن میں بیان ریکارڈ کروا دیا
راولپنڈی (انتخاب نیوز) دھاندلی کے الزامات لگانے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے الیکشن کمیشن میں بیان ریکارڈ کروا دیا، سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرلیا جبکہ آج رپورٹ الیکشن کمیشن کو دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے الیکشن کمیشن کی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کروایا۔ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق کمشنر راولپنڈی کو بیان دینے کے لیے گزشتہ روز نوٹس بھیجا تھا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات مکمل کرلیں۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور آ راوز نے سابق کمشنر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔ تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات ریکارڈ کیے۔ سابق کمشنرکی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا۔ ذرائع الیکشن کمیشن نے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کمیٹی کو3 روز کا وقت دیا تھا جو کہ گزشتہ روز ختم ہوچکا ہے امکان ہے کہ آج تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔


