اسرائیلی فضائی بمباری کی شدت میں اضافہ، شہید فلسطینیوں کی تعداد29 ہزار 313 ہوگئی

غزہ(صباح نیوز) غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 313 ہو گئی ہے جبکہ 69 ہزار 333 زخمی ہیں۔اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہر رفح پر فضائی بمباری کی شدت مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ رفح کے شمال میں واقع شہر خان یونس میں ملٹری آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔مصر کے ساتھ سرحدی علاقے رفح میں تقریبا 15 لاکھ افراد پناہ لیے ہوئے ہیں جو جنگ کے بعد سے بےگھر ہوئے۔امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے شدید مخالفت کے باوجود اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ رفح میں زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔رفح کے شہریوں نے تازہ حملوں اور بم دھماکوں کے حوالے سے بتایا کہ نیوی کی کشتیاں بھی ساحل کے قریب علاقوں پر بمباری کرتی رہی ہیں۔بدھ کی رات گئے اسرائیلی بمباری میں النور فیملی کے متعدد افراد ہلاک ہوئے۔ خاندان سے تعلق رکھنے والے شخص عبدالرحمان جمعہ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نور اور ایک سالہ بیٹی کنزہ سمیت نور کے والدین، بھائی اور دیگر رشتہ دار حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے شدت پسند شہریوں کی عمارتوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جبکہ حماس کی جانب سے اس دعوے کی تردید کی جاتی رہی ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینک خان یونس سے المواسی کے علاقے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ المواسی کا علاقہ قدرے محفوظ سمجھا جاتا رہا ہے جہاں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو پناہ لینے کا کہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں