سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے متحدہ اور پی پی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے
کراچی(یو این اے)سندھ اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کےانتخاب کے لیے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیئے ۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ایم کیوایم سے رابطہ کیا ، سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران ایم کیوایم کو سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے امیدوار دستبردار کرانےکی تجویز دی گئی۔ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کی تجویز اور سپیکر الیکشن کے حوالے سے غور کیاگیا، بعدازاں ایم کیو ایم نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ایم کیوایم نے سپیکرو ڈپٹی سپیکر کے لیےصوفیہ شاہ اور راشد شاہ کو امیدوار نامزد کیاہے۔پیپلزپارٹی کےاویس شاہ سپیکر اور انتھونی نوید ڈپٹی سپیکر کےامیدوار ہیں ، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی سپیکر ، ڈپٹی سپیکر کا امیدوار نہیں لاسکیں گی ۔پی ٹی آئی، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کے13 ارکان نے رکنیت کا حلف نہیں لیا، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے لیے اہل ارکان کےآج کاغذات نامزدگی جمع ہونگے، اپوزیشن ارکان کے حلف نہ ہونے کے سبب وہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا الیکشن نہیں لڑسکیں گے۔


